Jul ۱۷, ۲۰۲۱ ۱۶:۳۳ Asia/Tehran
  • برطانیہ میں پھر کورونا کے مریضوں میں اضافہ

برطانیہ اور امریکا میں بھی کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے۔

برطانیہ کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں اکیاون ہزار آٹھ سو ستر افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے ہیں-

برطانیہ میں اکیاون ہزار سے زیادہ افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اس ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ترپن لاکھ چونتیس ہزار ایک سو ستاسی ہوگئی ہے- روزانہ اتنی بڑی تعداد میں کورونا مریضوں کے سامنے آنے کے بعد یہ کورونا کا پھیلاؤ شروع ہونے کے بعد سے سب سے بڑی تعداد شمار ہوتی ہے جبکہ اس سال جنوری کے بعد پہلی باربرطانیہ میں ایک دن میں اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں اور اس سے قبل اس کی کوئی مثال نہیں ملتی- یہ ایسی حالت میں ہے کہ برطانوی وزیرصحت ساجد جاوید نے اس ملک کی پارلیمنٹ میں اعلان کیا ہے کہ انیس جولائی سے کورونا کا مقابلہ کرنے کے لئے عائد تمام پابندیاں منسوخ کردی جائیں گی-

حکومت برطانیہ کے طبی مشیروں نے کورونا پروٹوکول اور اس سلسلے میں نافذ پابندیوں کو ختم کرنے کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اگرکورونا کی روک تھام کے لئے نافذ ایس او پیز اور پابندیاں اٹھا لی گئیں اور سرگرمیاں معمول پر لائی گئیں تو کورونا اسپتالوں میں روزانہ بھرتی ہونے والے مریضوں کی تعداد چارہزار آٹھ سو اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد روزانہ دوسو تک پہنچ جائے گی-

امریکی وزارت صحت نے بھی اس ملک کی مختلف ریاستوں میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے مریضوں کی تعداد میں اضافے کی خبردی ہے- امریکی محکمہ صحت کے عہدیداروں نے اس ملک کی پچاس ریاستوں میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی انیس ریاستوں میں پہلے کے مقابلے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد کم سے کم دوگنا بڑھ گئی ہے- امریکی محکمہ صحت کے حکام نے مزید کہا ہے کہ اس وقت روزانہ تقریبا چھبیس ہزار امریکی کورونا کا شکار ہورہے ہیں اور اسپتالوں میں داخل ہونے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے-

گذشتہ ہفتوں کے دوران امریکی ریاستوں میں کورونا کا پھیلاؤ کافی بڑھ گیا ہے اور اسپتالوں کا عملہ کورونا مریضوں کی نئی لہر کے سبب دباؤ کا شکار ہے - امریکہ میں اس وقت بھی کورونا میں مبتلاء ہو کر اپنی جان سے ہاتھ دھونے والوں کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہے-

ٹیگس