Jul ۳۱, ۲۰۲۱ ۱۸:۴۶ Asia/Tehran
  • کورونا مریضوں کی تعداد میں 80 فیصد اضافہ ہوا ہے: عالمی ادارہ صحت

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ چار ہفتوں کے دوران دنیا کے بیشتر علاقوں میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اسّی فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے۔

رائٹرز نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے سیکریٹری جنرل ٹیدروس ایڈھانوم نے کورونا کے نئے ویریئنٹ کی شدید لہر کے خطرے پر انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیلٹا ویریئنٹ کے تیزی کے ساتھ پھیلاؤ نے دنیا میں کورونا کے مقابلے میں حاصل ہونے والی کامیابی کو خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔

انھوں نے کہا ہے کہ کورونا کے سبھی ٹیکے ڈیلٹا ویریئنٹ کے مقابلے میں بھی موثر واقع رہے ہیں جن کی عالمی ادارہ صحت نے تائید کی ہے۔

دوسری جانب امریکہ کے وبائی امراض کے کنٹرول کے مرکز نے ڈیلٹا ویرینٹ کو، وائرس کے پھیلنے کے معاملے میں چکن پوکس کی مانند قرار دیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ کورونا کا یہ وائرس بہت زیادہ شدت کے ساتھ بیماریاں پھیلا سکتا ہے۔

دنیا کے بیشتر ملکوں کے محکمہ صحت اس وقت شدید دباؤ میں ہیں اور عالمی ادارہ صحت کے مطابق اب تک دنیا کے ایک سو بتیس ملکوں میں ڈیلٹا کورونا وائرس کی شناخت کی جا چکی ہے اور اس کا اثر پوری دنیا پر مرتب ہو رہا ہے۔ ڈبلو ایچ او کے ایک سینیئر ماہر مائیک راین کا کہنا ہے کہ عالمی ادارہ صحت نے اب تک جن ٹیکوں کی تائید کی ہے وہ ڈیلٹا سمیت سبھی قسم کے کورونا وائرس کے مقابلے میں کافی موثر ثابت ہو رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ٹیکوں کے لگنے کے ساتھ بیماریوں اور اسپتالوں میں داخل ہونے کا عمل کافی حد کنٹرول ہو سکتا ہے۔

کورونا کی نئی قسم کے پھیلاؤ کے ساتھ ہی چین کو بھی اس خطرناک وائرس کے ملک بھر میں پھیلنے کے خطرے کا سامنا ہے۔ چین میں کورونا کی نئی لہر اس ملک کے شہر نانجینگ سے شروع ہوئی ہے اور اب تک اس ملک کے پانچ صوبوں کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ڈیلٹا کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے مریضوں کی شناخت بیجنگ اور چنگدو سمیت چین کے پندرہ شہروں میں کی جاچکی ہے۔

ڈیلٹا کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ سے جنوب مشرقی ایشیا کے بیشتر ملکوں کی بحرانی صورت حال شدت اختیار کرتی جا رہی ہے۔ ہمارے نمائندے نے بتایا ہے کہ جنوب مشرقی ایشیا کے بیشتر ملکوں میں ڈیلٹا کورونا وائرس میں مبتلا ہونے اور اس وائرس کے پھیلاؤ کے نتیجے میں تیزی سے بڑھتے ہوئے جانی نقصان کے ساتھ ہی ڈیلٹا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی بنا پر میانمار کی صورحال شدید بحرانی ہونے پر عالمی ادارہ صحت نے سخت خبردار بھی کیا ہے۔

آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں بھی ڈیلٹا کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے اس ملک کے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور اس ملک میں قرنطینہ کی مدت بڑھا دی گئی ہے۔

ملائیشیا کی بھی وزرات صحت کی رپورٹ کے مطابق اس ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے اب تک تینتیس لاکھ افراد اس وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں جبکہ نوے ہزار اموات درج کی جا چکی ہیں۔

ٹیگس