۱۱ ستمبر کے واقعات کا جائزہ لیا جائے گا: امریکی صدر
امریکی صدر جوبائیڈن نے گیارہ ستمبر کے واقعات کی خفیہ دستاویزات کو نشر کئے جانے کے مسئلے کا جائزہ لئے جانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ وہ جس وقت صدارتی امیدوار بنے تھے تو انھوں نے اس بات کا وعدہ کیا تھا کہ وہ اس مسئلے کو شفاف بنائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ امریکی صدر کی حیثیت سے انھوں نے گیارہ ستمبر کے واقعات کی دستاویزات کو برملا کئے جانے کے مسئلے کا جائزہ لئے جانے کی ہدایات دیدی ہیں۔
امریکی کانگریس نے جولائی دو ہزار سولہ میں صراحت کے ساتھ اعلان کیا تھا کہ گیارہ ستمبر کے حملے اور طیارہ اغوا معاملے میں انیس افراد میں سے پندرہ سعودی شہری رہے ہیں۔
امریکہ کی موجودہ بائیڈن حکومت نے شروع میں تو سعودی عرب کے سلسلے میں سخت لہجہ اختیار کیا اور تعلقات پر نظرثانی تک کی بات کہہ ڈالی مگر پھر امریکی مفادات کو دیکھتے ہوئے وہی سابقہ طرز عمل اختیار کر لیا اور سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو فروغ دیا جانے لگا۔
چنانچے گیارہ ستمبر کے حملوں کی دستاویزات کو منظرعام پر لانے کے بارے میں اس حملے کے شکار افراد کے اہل خانہ اور لواحقین کے اصرار پر امریکی صدر اب اس مسئلے کا جائزہ لئے جانے کی ہدایات جاری کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔