فرانسیسی صدر نے برطانوی وزیر اعظم کو جوکر قرار دے دیا
فرانسیسی صدر امانوئل میکرون نے برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن کو خرافاتی سوچ کا حامل ایک جوکر قرار دیا ہے۔
فرانسیسی ذرائع ابلاغ کے مطابق فرانسیسی صدر میکرون نے انگلش کینال میں ستائیس پناہ گزینوں کے غرق ہو جانے پر ایک بیان میں کہا ہے کہ برطانیہ ایک بڑا ملک ہے جس کا نظم و نسق ایک جوکر کی مانند شخص سنھبالے ہوئے ہے۔
فرانس کے ایک جریدے نے میکرون کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ برطانوی وزیر اعظم ایک خرافاتی سوچ رکھتے ہیں۔
فرانسیسی ذرائع ابلاغ نے برطانوی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ امانوئیل میکرون کے اس بیان پر بورس جانسن نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ انھیں میکرون کے اس بیان پر سخت حیرت اور مایوسی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ مختلف مسائل منجملہ ماہیگیری، آئرلینڈ کی سرحد، ایٹمی آبدوز کی تیاری میں امریکہ، برطانیہ اور آسٹرلیا کے تعاون اور اس سمجھوتے سے فرانس کو الگ رکھے جانے اور حال ہی میں ستائیس پناہ گزینوں کے غرق ہوجانے نیز برطانیہ اور فرانس کے درمیان تجارتی تعلقات کے بارے میں برطانیہ اور فرانس کے درمیان اختلافات جاری ہیں۔