May ۱۷, ۲۰۲۲ ۰۹:۵۸ Asia/Tehran
  • روس کا سویڈن کو نیٹو میں شمولیت کے انجام کی بابت انتباہ

روس نے سویڈن کو نیٹو میں شامل ہونے کے انجام کی بابت خبردار کیا ہے ۔

روس کی وزارت خارجہ نے بین الاقوامی سطح پر ماسکو کو الگ تھلگ کرنے کے مغرب کے اقدام کے بارے میں انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر سویڈن نیٹو میں شامل ہوا تو ماسکو عسکری-تکنیکی ماہیت پر مشتمل قدم اٹھانے پر مجبور ہوگا۔

اسپوتنک نیوز کے مطابق، روسی وزارت خارجہ کے بیان میں آیا ہے، سویڈن کی نیٹو میں شمولیت سے شمالی یورپ سمیت پورے یورپ کی سلامتی کے لئے بڑے خطرات پیدا ہونگے، ایسی حالت میں روس اپنی سلامتی کو لاحق خطرے کو دور کرنے کے لئے جوابی کاروائی پر مجبور ہوگا جو عسکری-تکنیکی سمیت مختلف ماہیت کی ہوگی۔

ماسکو نے وضاحت کی کہ اس تعلق سے بہت سی باتیں نیٹو میں سویڈن کی شمولیت کی شرایط سے وابستہ ہونگی جس میں سویڈن کی سرزمین پر نیٹو کے حملہ آور اسلحہ جاتی سسٹم کی تعیناتی کا معاملہ  بھی شامل ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق، روس کی وزارت خارجہ نے تاکید کی کہ سویڈن کے شاہی عہدیداروں کے اس فیصلے سے خطے میں سلامتی کی سطح نہیں بڑھے گی۔  

قابل ذکر ہے کہ اتوار کو فنلینڈ کی حکومت نے نیٹو میں اپنے ملک کی شمولیت کی درخواست پیش کرنے کا اعلان کیا، جس کے بعد روس نے فنلینڈ سے ملی سرحد پر سکیورٹی کی سطح بڑھا دی ہے۔

 

ٹیگس