حکومت کا شیرازہ بکھرنے سے روکنے کے لئے کچھ نہیں کر سکتے: نفتالی بینٹ
صیہونی حکومت کے وزیراعظم نے اعتراف کیا ہے کہ اب وہ اپنی حکومت کو گرنے سے نہیں بچا سکتے
صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نفتالی بینٹ نے بدھ کو اکونومیسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی کا اتحاد بکھر رہا ہے، اس نے کینسٹ میں اکثریت کھو دی ہے اور اس کے اراکین کے درمیان بہت کم موضوعات پر اتفاق باقی رہ گیا ہے۔
نفتالی بنیٹ نے اعتراف کیا کہ وہ اپنی حکومت کا شیرازہ بکھرنے سے روکنے کے لئے کچھ نہیں کر پا رہے ہیں۔ انھوں نے اپنے اتحادیوں سے کہا کہ اس سے زیادہ افرا تفری پیدا نہ کریں۔
اسرائیلی وزیر اعظم نے دعوی کیا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اپنے ایٹمی پروگرام میں ایران پر سبقت حاصل کر لیں اور ٹیکنالوجی کے لحاظ سے ایران پر برتری برقرار رکھیں۔
صیہونی حکومت کے ٹی وی چینل سیون نے سابق صیہونی وزیر دانی دنون اور لیکوڈ پارٹی کے حوالے سے کہا کہ نفتالی بینٹ کی کابینہ حالیہ سیاسی حالات کی بنا پر ایک کمزور و ناتواں کابینہ ہے۔ دنون نے کہا کہ صیہونی حکومت کی موجودہ کابینہ تمام مسائل کے بارے میں کمزور موقف کی بنا پر منحل ہونے کی دہلیز پر پہنچ گئی ہے۔
صیہونی حکومت کے سیکورٹی اور انٹیلیجنس حکام میں بھی حکومت کا شیرازہ بکھرنے کو لے کر تشویش ہے اور بعض صیہونی حکام نے اس سلسلے میں مختلف مواقع پر انتباہ بھی دیا ہے۔