Jul ۲۳, ۲۰۲۲ ۲۲:۲۹ Asia/Tehran
  • وسطی ایشیا میں گرمی کے سارے ریکارڈ ٹوٹ گئے

مرکزی ایشیا میں پڑ رہی شدید گرمی نے گزشتہ 78 برسوں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: یورپ میں گرمی کے سارے ریکارڈ ٹوٹتے جا رہے ہیں۔ وہاں کے متعدد ممالک میں شدید گرمی کی وجہ سے تباہی مچی ہوئی ہے۔

متعدد یورپی ممالک میں جنگلوں میں آگ لگنے کا سلسلہ بھی چل رہا ہے۔ یورپ میں ہیٹ ویو کی وجہ سے جنگلوں کی آگ بے قابو ہوگئی ہے۔ یورپ میں شدید گرمی کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ لقمہ اجل بن گئے ہیں۔

در ایں اثنا وسطی ایشیا کے بعض ممالک میں درجہ حرارت 47 سے 49 ڈگری تک جا پہنچا ہے۔ فارس نیوز کے مطابق 1944 میں جنوبی تاجکستان میں درجہ حرارت 47 ڈگری تک پہنچ گیا تھا جو کہ وہاں اپنے لیے ایک ریکارڈ تھا۔ کئی دہائیوں کے بعد اب وہاں چلچلاتی گرمی کی وجہ سے درجہ حرارت 47 ڈگری سے تجاوز کر گیا ہے۔

دوسری جانب ازبکستان کے محکمہ موسمیات نے اعلان کیا ہے کہ اس ملک میں 23 سے 26 جولائی کے درمیان درجہ حرارت میں 5 سے 7 ڈگری تک اضافہ ہوسکتا ہے جس کی وجہ سے یہاں درجہ حرارت 47 ڈگری تک بڑھ جائے گا۔ ترکمانستان میں جون کے آخر اور جولائی کے اوائل میں غیر معمولی گرمی کی لہریں دیکھنے میں آئیں، اس دوران وہاں شدید گرمی کی وجہ سے درجہ حرارت 49 ڈگری تک پہنچ گیا۔

وسطی ایشیا کے ایک اور ملک قزاقستان کے محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ آنے والے دنوں میں ملک میں درجہ حرارت 46 ڈگری تک بڑھ جائے گا۔ اسی طرح کرغیزستان میں بھی آئندہ چند روز کے دوران درجہ حرارت 46 سے تجاوز کر جائے گا۔

ٹیگس