اقوام متحده نے جھلسا دینے والی گرمی کے اثرات سے نمٹنے کےلئے ممالک سے کیا مطالبہ کیا؟
اقوام متحدہ کے جنرل سکریٹری نے دنیا بھر میں ‘انتہائی گرمی کی وبا’ کو روکنے کے لیے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے سربراہ نے ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مفلوج کر دینے والی گرمی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے اقدامات کریں کیونکہ دنیا کو ریکارڈ حد تک درجہ حرارت کا سامنا ہے جس نے کمزور کمیونٹیز کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
جمعرات کو نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انتونیو گوٹیرش نے کہا کہ دنیا بھر میں اربوں لوگ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے "شدید گرمی کی وبا” کا سامنا کر رہے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے کہا کہ انتہائی گرمی تیزی سے معیشتوں کو تباہ کر رہی ہے، عدم مساوات کو بڑھا رہی ہے، پائیدار ترقی کے اہداف کو نقصان پہنچا رہی ہے اور لوگوں کی جان لے رہی ہے۔ گوٹیریش کا یہ انتباہ یوروپی یونین کے موسمیاتی مانیٹرنگ کے ایک دن بعد آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دنیا نے اس ہفتے ریکارڈ پر اپنے گرم ترین دن کا تجربہ کیا ہے۔