شریت، بحرانوں کے ماحول میں لوڈ شدہ بندوق سے کھیل رہی ہے: اقوام متحدہ
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے جاپان پر امریکہ کے ایٹمی حملے کی ستترویں برسی کی مناسبت سے ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ بشریت موجودہ بحرانوں کے ماحول میں لوڈ شدہ بندوق سے کھیل رہی ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق انٹونیو گوترش نے ہیروشیما میں انیس سو پینتالیس میں ایٹمی بمباری کے شکار افراد کی یاد میں منعقدہ سالانہ پروگرام میں عالمی رہنماؤں سے ایٹمی ہتھیاروں کا خاتمہ کرنے کی اپیل کی۔
انھوں نے کہا کہ ستتر سال قبل دسیوں ہزار افراد اچانک اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جن میں مرد عورتیں اور بچے سبھی شامل ہیں جبکہ جو باقی بچے بھی وہ بھی ریڈیو اکٹیو مواد کے نتیجے میں مختلف بیماریوں منجملہ کینسر جیسے امراض میں مبتلا ہو کر مرتے رہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ اس وقت جوہری مفہوم کا حامل ہولناک بحران بڑی تیزی سے بڑھتا جا رہا ہے اور بشریت، موجودہ بحرانوں کے ماحول میں لوڈ شدہ بندوق سے کھیل رہی ہے۔
واضح رہے کہ چھے اگست انیس سو پینتالیس کو ہیروشیما پر امریکہ کی ایٹمی بمباری میں ایک لاکھ چالیس ہزار افراد مارے گئے تھے جن میں وہ افراد بھی شامل ہیں جو اس بمباری کے بعد پیدا ہونے والی مختلف بیماریوں کے نتیجے میں جاں بحق ہوئے جبکہ امریکہ نے تین دن بعد ناگاساکی پر بھی، ایٹم بم مارا کہ جس میں لگ بھگ چوہتر ہزار افراد مارے گئے ۔