Sep ۰۲, ۲۰۲۲ ۱۵:۳۲ Asia/Tehran
  • پولینڈ کا جرمنی سے تاوان ادا کرنے کا مطالبہ

پولینڈ نے جرمنی سے دوسری جنگ عظیم میں پہنچنے والے نقصانات کا تاوان ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پولینڈ کے نائب وزیراعظم جاروسلا کاچنسکی نے دارالحکومت وارسا میں ایک پریس کانفرنس کے دوران جرمنی سے تاوان ادا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دوسری جنگ عظیم کے دوران ان کے ملک کو تیرہ سو ارب یورو کا نقصان پہنچا تھا۔

انہوں نے توقع ظاہر کی جرمنی کے ساتھ تاوان کی ادائیگی کے لیے مذاکرات کا راستہ طولانی اور دشوار ہوسکتا ہے۔

پولینڈ کے نائب وزیراعظم نے بتایا کہ تاوان کی رقم کا بڑا حصہ جانی نقصانات پر مشتمل ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دوسری جنگ عظیم کے دوران باون لاکھ پولش شہری مارے گئے تھے جبکہ مادی طور پر ایک ارب ستر کروڑ یورو کا نقصان اٹھانا پڑا تھا۔

پولینڈ کی قوم پرست جماعت لا اینڈ جسٹس پارٹی اقتدار میں آنے کے بعد سے کئی بار جرمنی سے دوسری جنگ عظیم میں ہونے والے نقصانات کا تاوان ادا کرنے کا مطالبہ کرچکی ہے۔

حکومت جرمنی کا کہنا ہے کہ انیس سو ترپن میں پولینڈ اس وقت مشرقی جرمنی سے تاوان کی ادائیگی کے مطالبے سے دستبردار ہوگیا تھا تاہم پولینڈ کی قدامت پرست رہنما اسے قبول نہیں کرتے۔

ٹیگس