شمالی کوریا نے 2 اور میزائل داغ کر امریکہ کو کیا پیغام دیا
جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے جمعہ کی علی الصبح بیلسٹک میزائل کا ایک اور تجربہ کیا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا:جنوبی کوریا کی فوج کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا نے نیا تجربہ کرتے ہوئےدو بیلسٹک میزائل بحیرہ جاپان کی سمت داغا ہے۔
شمالی کوریا، مغربی ملکوں کی عائد کردہ پابندیوں اور دباؤ کے باوجود اپنی دفاعی توانائیوں میں اضافے کی غرض سے میزائل تجربات انجام دے رہا ہے۔
اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کے مندوب کا کہنا ہے کہ ان کے ملک کو ہتھیاروں کے تجربات اور اپنی دفاعی طاقت میں اضافے کا حق حاصل ہے۔
پیونگ یانگ نے اپنے اس اقدام کی وجہ علاقے میں جنوبی کوریا اور امریکہ کی فوجی مشقیں اور شمالی کوریا کی سلامتی کو لاحق خطرہ قرار دیا ہے۔
جنوبی کوریا اور امریکہ کی فوجی مشقیں آج ختم ہو رہی ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا ہے کہ اگلے ہفتے سے جنوبی کوریا، امریکہ اور آسٹریلیا کے مابین فوجی مشقیں شروع ہوں گی۔
شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ جب تک اس کے خلاف امریکہ کی دشمنانہ پالیسیاں جاری ہیں وہ اپنی دفاعی توانائی کو مضبوط سے مضبوط تر کرتا رہے گا۔