Dec ۱۰, ۲۰۲۲ ۱۶:۲۱ Asia/Tehran
  • رونالڈو، مراکش کے سامنے کھیلیں گے یا نہیں؟

فیفا ورلڈ کپ میں مراکش سے کوارٹر فائنل میں مقابلے سے پہلے پرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے پیغام جاری کیا ہے۔

سحرنیوز/دنیا: کرسٹیانو رونالڈو نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ پرتگال یہ ورلڈکپ پہلے ہی جیت چکا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ جو حمایت ہم نے قطر اور پرتگال میں محسوس کی ہے وہ ناقابل یقین ہے۔
کرسٹیانو رونالڈو نے یہ پیغام ایسی حالت میں جاری کیا ہے کہ پرتگال کی قومی ٹیم کے ہیڈکوچ فرنانڈو سینٹوز نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اب کرسٹیانو رونالڈو کو اکیلا چھوڑدینے کا وقت آگیا ہے۔
انھوں نے قطر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ وہ اپنے اس خیال سے رونالڈو کو آگاہ کرچکے ہیں ۔
رونالڈو کی ناراضگی کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ کہ میچ نہ کھیلنے کے باعث بینچ پر بیٹھنے والا ہر کھلاڑی ناخوش ہوتا ہے لیکن ہم نے تمام گولز پر ایک ساتھ جشن بھی منایا۔
انھوں نے کہا کہ ان سے ہر نیوز کانفرنس میں نوے فیصد سوالات رونالڈو کے بارے میں کئے جاتے ہیں لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ اب یہ سلسلہ بند ہوجانا چاہئے۔
یاد رہے کہ فیفا ورلڈ کپ دو ہزار بائیس کے اہم میچ میں کپتان رونالڈو کے بغیر ہی میدان میں اترنے والی پرتگال کی ٹیم نے سوئٹزرلینڈ کو ایک کے مقابلے میں چھے گول سے عبرتناک شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی تھی۔

ٹیگس