اسرائیل کے بائیکاٹ میں اضافے کا اعتراف
صیہونی حلقوں نے دنیا کے مختلف حصوں میں اسرائیل کے بائیکاٹ کی تحریکوں کی کامیابی کا اعتراف کیا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: عالمی صیہونی تنظیم کے ایک عہدیدار نے اسرائیل کے ٹیلی ویژن تیرہ کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک مقالے میں کہا ہے کہ قطر فٹبال ورلڈکپ کے دوران جو کچھ ہو رہا ہے وہ اسرائیلی قبضے کے خلاف چلنے والی تحریکوں کے اقدامات کا نتیجہ ہے۔
عالمی صیہونی تنظیم کے مذکورہ عہدیدار کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے دشمنوں نے کھیل کے اہم ترین عالمی ایونٹ کو بھی صیہونیوں کا پرتشدد چھرہ دنیا کے سامنے پیش کرنے کا بہترین موقع بنالیا۔
اس مقالے میں آیا ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے اسرائیل کے بائیکاٹ کی تحریکیں زور پکڑیں گی اور اس کے اثرات براہ راست ہماری معیشت پر پڑیں گے۔
صیہونی عہدیدار کے مقالے میں مزید کہ کہا گیا ہے ہماری تشویش اس وقت بڑھی تھی جب غزہ کے خلاف دوہزار اکیس کے جنگ کے بعد گوگل کے ڈھائی سو سے زائد ملازمین نے کمپنی کے عہدیداروں سے اسرائیل کے ساتھ معاہدہ ختم کرنے کرنے اور بے گناہ انسانوں کے قتل عام کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ قطر ورلڈکپ دوہزار بائیس کے دوران عرب اقوام، تماشائیوں اور ذرائع ابلاغ نے صیہونیوں کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔