شام میں ایرانی ڈرون نے امریکہ کو کیا پریشان، سینٹ کام کا اعتراف
امریکی فوج کی دہشت گرد مرکزی کمان سینٹ کام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی فوج نے شمال مشرقی شام میں کونوکو آپریشنل علاقے میں واقع امریکی فوجی اڈے کے اوپر ایک ایرانی ڈرون کو مار گرایا۔
سحر نیوز/ دنیا: مغربی ایشیا میں براجمان دہشتگرد امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ سینٹ کام نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ 14 فروری کو مقامی وقت کے مطابق تقریباً 2:30 بجے شام میں ایک ایرانی ساخت کا ڈرون طیارہ جو شمال مشرقی شام میں کونوکو مشن سپورٹ سائٹ سے جاسوسی میں مصروف تھا، مار گرایا گیا۔
ایران پریس کے مطابق شام میں ایک ایرانی فوجی مشیر نے العالم چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ایرانی ڈرون ایک چھوٹا اور ہاتھ سے لانچ کیا جانے والا ڈرون تھا جسے دشمن کے دفاعی نظام کا جائزہ لینے کے مقصد سے لانچ کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس ڈرون نے اپنے تمام مقاصد اور اہداف حاصل کر لیے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سپر ڈرون ایک ہزار ڈالر سے بھی کم لاگت کا ڈرون تھا جسے مارنے کے لیے امریکیوں کو کئی ملین ڈالر سے زائد قیمت کے میزائل داغنے پڑے۔