May ۰۴, ۲۰۲۳ ۰۹:۵۲ Asia/Tehran
  • صدر ایران کے دورۂ شام پر امریکہ کا ردعمل، اپنی تشویش میں ساری دنیا کو شریک کر لیا

امریکہ نے صدر ایران کے دورۂ شام پر صرف اپنی تشویش پر اکتفا نہ کرتے ہوئے دنیا والوں کو اپنے ساتھ جوڑ لیا اور کہا کہ انہیں بھی ایران اور شام کے بڑھتے تعلقات پر تشویش ہونی چاہئیے۔

سحر نیوز/دنیا: امریکی وزارت خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران صدر ایران کے دورۂ شام کے سلسلے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں یہ کوشش کی کہ اپنے ملک کو لاحق خوف و ہراس اور تشویش کے دائرے میں دنیا کے دیگر سبھی ممالک کو بھی شامل کر لیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور شام اپنے تعلقات کی توسیع کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس پر امریکہ، علاقائی ممالک بلکہ دنیا کو تشویش ہونی چاہئے۔

ویدانت پٹیل نے ایران کے خلاف وائٹ ہاؤس کی ہرزہ سرائیوں کا سلسلہ جاری رکھا اور دنیا بالخصوص مغربی ایشیا میں اپنے ملک کے تخریبی، جارحانہ اور جنگ پسند کردار کا ذکر کئے بغیر یہ دعویٰ کیا کہ ایران اور روس مل کر علاقے میں اپنے تخریبی اور عدم استحکام پر مبنی اقدامات کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔

امریکی وزارت خارجہ کے ہندوستانی نژاد نائب ترجمان نے مزید کہا کہ واشنگٹن نہ تو بشار اسد حکومت کے ساتھ تعلقات بحال کرے گا اور نہ ہی شام کے ساتھ دیگر ممالک کے تعلقات کی بحالی کی حمایت کرے گا اور یہ بات ہم نے اپنے اتحادی ممالک سے صاف طور پر کہہ دی ہے۔

ٹیگس