Jun ۱۵, ۲۰۲۳ ۱۵:۵۲ Asia/Tehran
  • پوری دنیا میں لاوارث بچوں کی تعداد میں اضافہ

پوری دنیا میں لاوارث اور بےگھر بچوں کی تعداد دو ہزار بائیس کے آخر تک تینتالیس ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے بچوں کے ادارے یونیسیف نے اپنی سالانہ رپورٹ میں کہا ہے کہ ان میں سے تقریبا ساٹھ فیصد یعنی دو کروڑ اٹھاون لاکھ بچے دو ہزار بائیس کے آخر تک اپنے ملکوں کے اندر تشدد اورجھڑپوں کی وجہ سے بےگھر اور لاوارث ہوئےہیں ۔ یونیسیف کا اس رپورٹ میں کہنا تھا کہ پوری دنیا میں پناہ گزین بچوں کی تعداد بھی ایک کروڑ پچھتر لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

اس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سوڈان میں جھڑپوں کی وجہ سے اب تک نو لاکھ چالیس ہزار بچے بےگھر اور لاوارث ہوئے ہیں۔

یونیسیف کی منیجنگ ڈائریکٹر کیتھرین راسل نے کہا ہے کہ گذشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے کے دوران بےگھر اور لاوارث بچوں کی تعداد میں اضافہ، پوری دنیا میں مسلسل جھڑپوں، بحرانوں اور قدرتی آفات کی وجہ سے ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاوارث بچوں کو امداد فراہم کرنے کے لیے ہماری عالمی توانائی اورگنجائش پر بدستور شیدید دباؤ ہے۔

اقوام متحدہ نے حال ہی میں خبردار کیا ہے کہ اکتوبر کے مہینے تک سوڈان میں بےگھر اور لاوارث بچوں کی تعداد ممکنہ طور پر دس لاکھ سے تجاوز کر جائے گی۔

ٹیگس