یوکرین کے لئے فوجی امداد اور ہتھیاروں کی سپلائی بند کرو: روس کا مغربی ملکوں کو انتباہ
روس نے مغربی ملکوں سے کہا ہے کہ وہ یوکرین کے لئے فوجی امداد اور ہتھیاروں کی سپلائی بند کریں۔
روس کے نائب وزیر خارجہ میخائیل کالوزین نے یورپ، وسطی ایشیا اور امریکہ کے امور میں اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل میرو سلاو ینچا سے ملاقات میں مغربی ملکوں کی جانب سے کیئف کے لئے ہتھیاروں کی ترسیل بند کرنے، یوکرین کو غیر مسلح کرنے اور یوکرین سے نازیوں کا خاتمہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
روس کی وزارت خارجہ نے بھی ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ کہ روس کے نائب وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل سے ملاقات میں مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ شق نمبر 100 کے مطابق غیر جانبداری کی پابندی کرے۔
قابل ذکر ہے کہ روس کے خلاف دفاعی حملوں میں یوکرین کی ناکامی کے بعد مغربی ممالک کے بعض انتہا پسند سیاست داں اس کوشش میں ہیں کہ جس قیمت پر بھی ممکن ہو، یوکرینی فوج کے حوصلے دوبارہ بلند کریں اورانہیں امید دلائیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یوکرین جنگ میں اس قسم کے اقدامات سے امریکہ اور اس کے مغربی اتحادیوں کی بے بسی مزید عیاں ہوتی جا رہی ہے۔