روسی حکام اپنے ملک کے خلاف جاسوسی کریں، سی آئی اے
امریکہ کے جاسوسی ادارے سی آئی اے نے ایک ویڈیو جاری کر کے روسی حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ملک کے خلاف جاسوسی کریں۔
سحر نیوز/ دنیا: سی آئی اے نے ایک ویڈیو جاری کر کے روسی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے ان سے اپیل کی ہے کہ وہ اس نظام کے بارے میں حقائق زبان پر لائیں کہ جو سی آئی اے کے دعوے کے مطابق مکمل جھوٹ ہے۔
یہ ویڈیو روسی زبان میں ہے اور اس کا عنوان ہے "میں نے کیوں سی آئی اے سے رابطہ کیا، اپنے لیے؟"
اس ویڈیو میں ایک شخص روس کے ایک شہر میں برف پر چل رہا ہے اور وہ کہتا ہے میں نے سب سے اصرار کر کے کہا کہ رپورٹوں میں حقائق کو غلط طریقے سے پیش کرنا غیر معقول ہے، لیکن اعلی حکام ایسا کر رہے تھے۔
اس دوران اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ایسے حالات میں کہ جب ماسکو اور کی ایف طاقت کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں، مستقبل قریب میں یوکرین میں جھڑپوں کو ختم کرنے کے لیے کسی پرامن راہ حل تک پہنچنے کی کوئی امید نہیں ہے۔ انھوں نے نئی دہلی میں جی ٹوئنٹی اجلاس شروع ہونے سے قبل ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ دونوں فریق یعنی روس اور یوکرین ابھی تک جنگ کو جاری رکھنے پر اصرار کر رہے ہیں اور مستقبل قریب میں جنگ کے خاتمے کے لیے کوئی پرامن راہ حل نظر نہیں آ رہی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب رشیا ٹوڈے ویب سائٹ نے لکھا ہے کہ یوکرین نے گذشتہ مہینوں کے دوران روس کی دفاعی لائنوں کو توڑنے کی کوشش کرنے کے لیے چھیاسٹھ ہزار فوجی اور سات ہزار چھے سو بھاری ہتھیار استعمال کیے ہیں۔