بیلجیئم میں دہشت گردانہ حملہ، 2 افراد ہلاک اور ایک زخمی
بیلجیم کے دارالحکومت بریسلز میں ایک دہشت گردانہ حملے میں دو سوئڈش شہری ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
سحرنیوز/دنیا: بیلجیئم کے دارالحکومت بریسلز میں ایک شخص نے آتشیں ہتھیاروں سے لوگوں پر فائرنگ کردی۔
بریسلز کی پولیس کا کہنا ہے کہ اس حملے میں دو سوئڈش شہری ہلاک ہوگئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوا ہے اور فائرنگ کرنے والا شخص فرار ہوگیا ہے۔
بعض موصولہ خبروں کے مطابق فائرنگ سوئیڈیش فٹبال شرٹس پہنے افراد پر کی گئی، بعد میں حملہ آور فرار ہوگیا۔
فائرنگ کے سبب بیلجیئم اور سوئیڈن کا میچ روک دیا گیا۔ بیلجیئم کے میڈیا کا کہنا ہے کہ قاتل کا نام عبدالسلام ہے جو پینتالیس سال کا ہے اور وہ تونس کا رہنے والا ہے۔
ان ذرائع ابلاغ نے رپورٹوں میں کہا ہے کہ اس شخص نے سوشل میڈیا میں داعش دہشت گرد گروہ کے ساتھ اپنی وفاداری کا اعلان کیا تھا۔
بیلجیئم کی حکومت نے بھی ایک ہنگامی اجلاس تشکیل دے کر اس ملک میں سیکورٹی کو ہائی الرٹ کردیا ہے۔ بیلجیئم کی مسلم کونسل اور بیلجیئم کے مسلم فورم نے پیر کی شام کو ہونے والے اس دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے اور انتہاپسندی سے مقابلے کا اعلان کیا ہے۔ بیلجیئم کی مسلم کونسل نے منگل کو ایک بیان میں اس دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ ہم اس طرح کے افکار و نظریات اور اس کے تخریبی اثرات کا مقابلہ کرنے کےلئے اپنی کوششیں دوچنداں کردیں گے۔