صیہونی ذرائع ابلاغ نے اعلان کیا ہے کہ یمن کی انصاراللہ نے مقبوضہ فلسطین پر میزائل فائر کئے ہیں۔
سحرنیوز/ دنیا: صیہونی ذرائع ابلاغ نے مقبوضہ فلسطین پر یمن کی انصاراللہ کے میزائل اور ڈرون حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی حکمراں ایسے حملے کئے جانے کی توقع نہیں کر رہے تھے۔ ان ذرائع نے اعلان کیا کہ ڈرون طیارے تقریبا چالیس کلو گرام وزنی جنگی ہیڈ وار کے حامل رہے ہیں۔
اس سے قبل بعض امریکی حکام کے حوالے سے وال اسٹریٹ جرنل نے اعلان کیا تھا کہ یمن کی انصاراللہ نے جمعرات کو بھی پانچ کروز میزائل اور تقریبا تیس ڈرون، مقبوضہ فلسطین کی طرف داغے تھے۔ یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیراعظم نے دھمکی دی تھی کہ نہتھے فلسطینیوں کے قتل عام کے جواب میں بحیرہ احمر میں غاصب صیہونی حکومت کے بحری جہازوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔ عبدالعزین بن حبتور نے کہا تھا کہ امریکہ، یمن سے کئے جانے والے بعض میزائل اور ڈرون حملوں کو روکنے میں ناکام رہا ہے اور زیادہ تر یہ حملے کامیاب رہے ہیں-