Nov ۰۱, ۲۰۲۳ ۰۸:۰۶ Asia/Tehran
  • امریکی شہر اوہائیو کی سٹی کونسل میں فلسطین کے حامیوں کا اجتماع

فلسطین کے حامیوں نے امریکی ریاست اوہائیو کی سٹی کونسل میں، فلسطینی عوام کی حمایت اور فلسطینیوں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت میں احتجاجی مظاہرہ کیا-

سحرنیوز/ دنیا: امریکی ریاست اوہائیو کی سٹی کونسل میں جمع ہونے والے فلسطین کے سینکڑوں حامیوں نے آزاد فلسطین کے نعرے لگائے اور اوہائیو کے میئر پر صیہونی حکومت کے ہاتھوں غزہ میں نسل کشی کی حمایت کا الزام لگایا۔ گزشتہ دنوں میں فلسطین کے حامیوں نے، کہ جن میں صیہونیت مخالف یہودیوں کی بھی بڑی تعداد شامل تھی، فلسطینی عوام کی حمایت میں نیویارک کے مرکزی میٹرو اسٹیشن پر اجتماع کیا ہے-

مظاہرین نے نیویارک سینٹرل میٹرو اسٹیشن پر فلسطینی عوام کی حمایت میں نعرے لگائے اور فلسطین کی آزادی کا مطالبہ کیا۔ برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو میں بھی فلسطین کے حامی ایک بار پھر غزہ میں بسنے والے مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں سڑکوں پر آگئے اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو میں فلسطین کے حامیوں اور آزادی پسندوں نے ایک ہفتے میں دوسری بار غزہ میں مقیم فلسطینیوں کے لیے اپنی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ مظاہرین نے فلسطینی پرچم اور شہید بچوں کی تصاویر اٹھا کر غزہ میں صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت کی۔

ٹیگس