اسرائیلی جارحیت کے خلاف امریکہ کے وزیر جنگ اور قومی سلامتی کے مشیر کی رہائشگاہوں کے سامنے زبردست احتجاج
فلسطین کے حامی دسیوں مظاہرین نے امریکہ کے وزیر جنگ اور قومی سلامتی کے مشیر کی رہائشگاہوں کے سامنے اجتماع کیا جبکہ لندن اور کیوبا کے عوام نے بھی فلسطین کی حمایت میں مظاہرہ کیا۔
سحر نیوز/ دنیا: امریکہ میں جنگ مخالف ایک گروہ نے غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت کے خلاف احتجاج کے طور پر امریکہ کے وزیر دفاع لوئڈ ایسٹن اور قومی سلامتی کے مشیر جیک سالیوان کی رہائشگاہوں کے سامنے اجتماع کیا جبکہ لندن اور کیوبا کے عوام نے بھی فلسطین کی حمایت میں مظاہرہ کیا۔
ورجینیا میں امریکی وزیر جنگ آسٹین کے گھر کے سامنے جنگی تباہ کاروں کے لئے نئے سال کی عید نہیں ہے ، کے زیرعنواں اجتماع ہوا جبکہ مظاہرین نے فلسطین کی آزادی اورغزہ میں جرائم جاری رکھنے کے لئے صیہونی حکومت کی مدد و حمایت بند کئے جانے جیسے نعرے لگائے۔اسی طرح نئے عیسوی سال کے موقع پر واشنگٹن ڈی سی میں امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سالیوان کی رہائشگاہ کے سامنے اجتماع ہوا۔ مظاہرین نے امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سالیوان کو جنگی مجرم قرار دیا اور ایک بیان میں جنگ غزہ میں اسرائیل کے لئے امریکہ کی سیاسی اور مالی مدد و حمایت جاری رہنے کی بنا پر اپنا احتجاج رکھنے کا اعلان کیا ہے۔اس بیان میں تاکید کی گئی کہ فلسطینی عام شہریوں کی حمایت ایک اخلاقی فریضہ اور اسٹریٹیجک ضرورت ہے۔
پیر کے روز بھی امریکہ میں نیویارک کی سڑکوں پر دسیوں امریکی شہریوں نے وسیع پیمانے مظاہرہ کر کے غزہ میں جنگ، بند کئے جانے کا مطالبہ کیا۔یہ مظاہرہ کرسمس اور نئے عیسوی سال کے جشن کے موقع پر کیا گیا جبکہ امریکی پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی۔
دوسری جانب فلسطین کے حامیوں نے صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم پر احتجاج جاری رکھتے ہوئے مشرقی لندن میں ایک بار پھر مظاہرہ کیا اور فلسطین کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔ مشرقی لندن میں دسیوں مظاہرین ، ویسٹ فیلڈ شاپنگ سنٹر میں داخل ہوگئے اور شاپنگ میں مصروف لوگوں کو مخاطب کرکے کہنا شروع کیا کہ تم لوگ خریداری میں مصروف ہو اور غزہ کے عوام پر بمباری کی جارہی ہے اسکاٹ لینڈ کے دارالحکومت اڈینبرگ میں بھی فلسطین کے حامیوں نے اسٹاربکس مال کی دیوار پر سرخ رنگ کا اسپرے کیا اور لکھا کہ غزہ خون میں غرق ہے۔ مظاہرین نے ان کئی دیگر مالز اور شاپنگ سینٹرز کے سامنے دھرنا دیا اور احتجاج کیا جن کے بارے میں کہا جاتاہے کہ وہ صیہونی حکومت کے حامی ہیں۔
درایں اثنا کیوبا میں ہزاروں افراد نے سڑکوں پر نکل کر فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہرہ کیا اور ہاوانا میں امریکی سفارت خانے کے سامنے اجتماع کیا ۔ مظاہرین نے فلسطینیوں کی حمایت میں نعرے لگائے اور غزہ میں صیہونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کی شدید مذمت کی ۔