امریکہ: یمن کے حملے کو آسانی سے نہیں روکا جاسکتا
امریکہ کی قومی سلامتی کےڈپٹی ایڈوائزر جان فائنر نے کہا ہے کہ یمنیوں کے حملے روکنے میں وقت لگے گا۔
سحرنیوز/دنیا: ارنا کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کی قومی سلامتی کےڈپٹی ایڈوائزر جان فائنر نے ای بی سی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم یمن میں ہتھیاروں کے گودام تباہ کر رہے ہيں تاکہ وہ زيادہ حملے نہ کرسکیں اور اس کام میں وقت لگے گا۔ انہوں نے یمن کی جانب سے فلسطینی استقامت کی حمایت اور صیہونی حکومت کے ساتھ تعاون کرنے والے بحری جہازوں پر حملوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس منطق کو پوری طرح سے مسترد کرتے ہیں کہ غزہ میں اسرائيل اور حماس کے درمیان تنازعہ کی وجہ سے ایک گروہ کو پوری دنیا کے اقتصاد کے خلاف فوجی اقدام کرنے کا حق ہے۔ فائنر نے علاقے میں امریکی فوجی اڈوں پر ہونے والے حملوں کے بارے میں کہا کہ واشنگٹن ان حملوں کو بہت سنجیدگی سے لیتا ہے اور بہت جلد اس سلسلے میں کہنے کے لئے بہت کچھ ہوگا۔یاد رہے کہ امریکی صدر جوبائيڈن نے چند روز قبل کہا تھا کہ انصاراللہ یمن کے خلاف امریکی فوجی حملے جاری رہيں گے تاہم انہوں نے اعتراف کیا تھا کہ امریکہ اور برطانیہ کی بمباری بحیرہ احمر میں جہازوں پر ہونے والے حملے روک نہيں سکی ہے۔