کیا جنوبی کوریا کے جدید فائٹر طیاروں کے راز کھل گئے؟
جنوبی کوریا کے بعض ذرائع ابلاغ نے ملک میں زیر تعمیر فائٹر طیاروں کے راز چرانے کی کوشش میں متعدد انڈونیشی شہریوں کی گرفتاری کی اطلاع دی ہے ۔
سحر نیوز/ دنیا: فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کی وزارت دفاع نے ایک جدید لڑاکا طیارہ بنانے کی کوششوں کا دعویٰ کیا ہے جبکہ اس ملک کے بعض ذرائع ابلاغ نے پیر کے روز اس کے راز چرانے کی کوشش کے الزام میں متعدد انڈونیشی شہریوں کی گرفتاری کی خبر بھی دی ہے۔
کوریا ہیرالڈ اخبار نے لکھا ہے کہ کوریائی ایرو اسپیس انڈسٹری میں انڈونیشی ملازمین جنوبی کوریا کے لڑاکا طیاروں کے راز افشا کرنے کی کوشش کے شبہے میں زیر تفتیش ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ خفیہ فوجی معلومات کے افشا سے متعلق قوانین کو مضبوط کرنے کا باعث بنا ہے۔
KF-21 لڑاکا طیاروں کو تیار کرنے والی کمپنی نے حال ہی میں اس جنگی طیارے کے راز تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش میں کئی انڈونیشی ملازمین کو گرفتار کیا۔ ان لوگوں کو اس کے بعد انسداد جاسوسی کمانڈ اور فوج کے انٹیلی جنس بازو کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
جنوبی کوریا کے ایک قانون ساز کا کہنا ہے کہ بیرون ملک دفاعی صنعت کی معلومات کے افشاء کے خطرات سے نمٹنے کے لیے، پارلیمنٹ کو بل پاس کرنا چاہیے ۔
فوجی تجزیہ کار ہیتھرون کا کہنا ہے کہ جنوبی کوریا امریکہ کی مدد سے یہ لڑاکا طیارہ تیار کر رہا ہے۔