Feb ۲۵, ۲۰۲۴ ۱۵:۰۴ Asia/Tehran
  • روس اور یوکرین کے درمیان منصفانہ قیام امن کا وقت آگیا ہے: اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ غیرفوجی تنصیبات پر حملہ بند ہونا چاہئے کہا ہے کہ اب روس اور یوکرین کے درمیان اقوام متحدہ کے منشور، بین الاقوامی قوانین اور جنرل اسمبلی کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ قیام امن کا وقت آگیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیوگوترش نے روس یوکرین جنگ کے دوسال پورے ہونے پر سلامتی کونسل کےاجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کامنشور اور بین الاقوامی قوانین، جنگ کی لعنت سے پاک دنیا کی تشکیل کے لئے ہمارے رہنما اصول ہیں اس کے باوجود یوکرین پر روس کے بھرپور حملے میں دونوں اصولوں کی براہ راست خلاف ورزی کی گئی ۔

گوترش نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے منشور کی چٹھی شق میں اختلافات کے حل کے طریقہ کار کو واضح کیا گیا اور اس میں مذاکرات، تحقیق ، ثالثی ، سمجھوتے ، عدالتی راہ حل اور ایجنسیوں کا سہارا لینے جیسے آپشن مدنظر رکھے گئے ہيں ۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا موقف، یوکرین جنگ کے انسانی، اقتصادی، سیاسی، سماجی نتائج اور براعظم یورپ کی سیکیورٹی پر اس کے منفی اثرات کے پیش نظر بیان کیا گیا ہے ۔ روس یوکرین جنگ میں اب تک پانچ لاکھ سے زیادہ افراد اپنی جان سے ہاتھ دھوچکے ہيں جس کے باعث مشرقی و مغربی یوکرین کا ایک بڑا حصہ ویران ہو گیا ہے، ایک اندازے کے مطابق یوکرین کی تعمیرنو کے لئے پانچ سو ارب ڈالر کا سرمایہ اور دس سال کا وقت درکار ہوگا۔

ٹیگس