ماسکو حملہ، چاروں مشتبہ افراد میڈیا کے سامنے پیش
ماسکو کے کنسرٹ ہال پر دہشت گردانہ حملے کے چار مشتبہ افراد کو پہلی بار میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا۔
سحر نیوز/ دنیا: روسی میڈیا نے ماسکو میں جمعے کی شام ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے چاروں ملزمان کی عدالت میں موجودگی کے وقت تصاویر شائع کیں اور ان کے خلاف چارج شیٹ داخل کئے جانے کی اطلاع دی۔
فارس نیوز کے مطابق، روسی میڈیا نے ملک کے دارالحکومت کے مضافاتی علاقے باسمانی ضلعی عدالت میں ماسکو کے کنسرٹ ہال پر دہشت گردانہ حملے کے 4 ملزمان کی موجودگی کی اطلاع دی ہے۔
چاروں ملزمان میں سعید اکرم مراد علی رجب علی زادہ، 32 سالہ تاجکستان کا شہری دلیرجان مرزایف، 36 سالہ تاجکستان کا شہری فریدون شمس الدین اور چوتھا 20 سالہ محمد صابر فیض اف شامل ہیں جنہیں عدالت میں الزامات کی وضاحت کے لیے پیش کیا گیا۔
ان ملزمان کو کچھ دیر کے لئے صحافیوں کے سامنے پیش کیا گیا اور صحافیوں نے شیشے کے پیچھے سے ان کی تصاویر اور ویڈیوز لیں۔
مدعا علیہان میں سے ایک وہیل چیئر پر عدالت میں پیش ہوا جبکہ اس کے ساتھ ایک ڈاکٹر بھی تھا۔
جج نے چاروں ملزمان کے لیے دو ماہ کی کسٹڈی کا حکم جاری کیا ہے جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ غیر ملکی ہیں۔
روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ دو مدعا علیہان بشمول مرزایف اور رجبعلی زادہ نے اپنے الزامات قبول کر لیے ہیں۔