برطانیہ کا دارالحکومت ایک بارپھر ہزاروں فلسطینی حامیوں کےفلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا
برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں ایک بار پھر غزہ بالخصوص رفح میں فلسطینیوں کی نسل کشی کے خاتمے کے مطالبے پر مبنی فلک شگاف نعروں کی گونج سنائی دی ہے۔
سحرنیوز/ دنیا : غزہ پٹی کے سرحدی شہر رفح پر غاصب صیہونی ٹولے کے قبضے کے ساتھ ہی، ہزاروں فلسطینی حامی ، برطانوی شہری لندن میں واقع وزیراعظم رشی سونک کے دفتر کے سامنے جمع ہوئے اور انہوں نے مظلوم اور بے دفاع فلسطینیوں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کے خاتمے کا مطالبہ کیا اور جم کر نعرے بازی کی۔ اس احتجاجی تحریک کے شرکاء فلسطینی پرچم لہرا رہے تھے اور انہوں نے ایسے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر جنگ بند کرو، فلسطین کو آزاد کرو اور رفح کو چھوڑدو جیسے نعرے درج تھے۔
نعروں میں برطانوی شہریوں نے اپنی حکومت کی جانب سے صیہونی حکومت کی اسلحہ جاتی حمایت کے خاتمے اور فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ یہ احتجاج چوبیس گھنٹے سے بھی کم کی مدت کے دوران دی گئی کال کے نتیجے میں ہوا مگر پھر بھی اس اجتماع میں تقریباً پانچ ہزار افراد نے شرکت کی۔ برطانیہ کے دیگر شہروں منجملہ برائٹن، مانچسٹر اور لیسٹر میں بھی فلسطین کے حامی سڑکوں پر آئے اور صیہونی حکومت مخالف نعرے لگاتے ہوئے رفح پر صیہونی حکومت کے حملے کو بند کرنے کا مطالبہ کیا۔