Jun ۰۹, ۲۰۲۴ ۱۷:۴۲ Asia/Tehran
  • خطے میں ہر سال بڑھتی گرمی کی وجہ کیا ہے؟

آج کل گرمی کی اس شدت کی وجہ سے ہر کوئی پریشان دکھائی دیتا ہے نہ صرف انسان بلکہ جانور بھی اس بڑھتی ہوئی گرمی سے نا خوش دکھائی دیتے ہیں، گرمی کے اس موسم میں ہر کسی کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں لیکن یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ دل کے مریضوں کو اس موسم میں خاص احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔

سحرنیوز/دنیا: ماہرین کا کہنا ہے کہ فطری اعتبار سے زمین کی حرکت کے نتیجے میں موسمیاتی تبدیلیاں پیدا ہوتی ہیں جب زمین حرکت کرتی ہے تو اس کا جو حصہ سورج کے قریب ہوتا ہے یا جس حصّے پر سورج کی شعاعیں سیدھی پڑتی ہیں وہاں گرمی کی شدت زیادہ ہوتی ہے اور اسی طرح جس حصّے پر شعائیں ترچھی پڑتی ہیں وہاں گرمی قدرے کم ہوتی ہے یہی وجہ ہے کہ کرہ ارض پر موجود بیشتر ممالک میں رہنے والے لوگوں کی جلد اور ان کے رنگ بہت زیادہ کالے، بہت زیادہ سفید یا پھر بعض ممالک میں نارمل ہوتے ہیں۔
گرمی کی شدت میں اس اضافے کی بیشتر وجوہات ہیں جن میں سے اہم ترین وجہ اس خطے میں رہنے والے لوگوں کا زندگی گزارنے کا طریقہ ہے، پچھلے کچھ عرصے سے یہاں پر بسنے والے لوگوں نے اپنا لائف اسٹائل بہت زیادہ پرآسائش بنا لیا ہے ہمارے خطہ میں بسنے والے لوگ اب مٹی کے گھروں میں نہیں رہتے بلکہ انہوں نے کنکریٹ کی بڑی بڑی عمارتیں قائم کر لی ہیں، اسی طرح ایئر کنڈیشنز کا حد سے زیادہ استعمال بھی گرمی کی شدت میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایئر کنڈیشنز کے استعمال کے نتیجے میں جو گرمی پیدا ہوتی ہے وہ نہ صرف موسم کی شدت میں اضافے کا باعث بنتی ہے بلکہ ساتھ ہی ساتھ ماحولیاتی آلودگی کا بھی سبب بنتی ہے، اسی طرح کنکریٹ سے بنی ہوئی بڑی بڑی عمارتیں سارا دن سورج سے جو گرمی اپنے اندر جذب کرتی ہیں رات میں وہ گرمی انتہائی مضر صحت گیس کی صورت میں خارج کرتی ہیں جو موسم پر بہت بری طرح اثر انداز ہوتی ہے اور گرمی کی شدت میں اضافے کا باعث بھی بنتی ہے۔
ساتھ ہی ساتھ گرمی کی شدت میں اضافے کی بہت بڑی وجہ گلوبل وارمنگ ہے، ہمارے ملک میں لوگ غیر ضروری سامان اشیاء یا کوڑا کرکٹ کو جلا کر ختم کرنے کو بہت زیادہ ترجیح دیتے ہیں لیکن یہ نہیں سوچا جاتا کہ غیر ضروری ساز و سامان کوڑا کرکٹ جلانے کی صورت میں جو مضر صحت گیسوں کا مجموعہ پیدا ہوتا ہے وہ ماحول پر کس قدر بدترین اثرات چھوڑتا ہے اور اس کے نتیجے میں موسمیاتی تبدیلیاں بھی پیدا ہوتی ہیں۔

ٹیگس