امریکا: شیکاگو میں فلسطین کے حامیوں کا مظاہرہ
صیہونی حکومت کے لئے امریکی حمایت کے خلاف احتجاج کرنے والے ہزاروں فلسطین حامیوں نے ڈیموکریٹ پارٹی کے قومی کنوینشن کے آخری روز شیکاگو میں اجتماع کیا۔
سحرنیوز/دنیا: فلسطین حامی ہزاروں شہریوں نے ڈی این سی یا ڈیموکریٹک نیشنل کنوینشن کے آخری روز احتجاجی مظاہرہ کیا، جنھوں نے جنگ غزہ میں صیہونی حکومت کے لئے امریکہ کی جو بائیڈن حکومت کی حامی پالیسی سے اپنی نفرت و بیزاری کا اظہار کیا۔ ایسی حالت میں جبکہ ڈیموکریٹک نمائندے اس کنوینشن میں جمع ہو رہے تھے جہاں امریکہ کی نائب صدر کملا ہیرس نے امریکہ کے آئندہ صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹ پارٹی کی جانب سے باضابطہ طور پر امیدوار کی حیثیت سے کھڑے ہونے کو قبول کیا، اس مظاہرے کے شرکا نے فلسطین کی حمایت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر ڈیموکریٹک نیشنل کنوینشن میں شریک نمائندوں کو اسرائیل کے لئے امریکی حمایت کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔
احتجاج کرنے والے مظاہرین نے غزہ کی جنگ بند کئے جانے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے فلسطینی پرچم لہراتے ہوئے ایسے بینر اور پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا ہوا تھا کہ نہر سے بحر تک فلسطین آزاد ہونا چاہیے اور اسرائیل کے لئے امریکی حمایت بند ہونا چاہیے، ڈین این سی اس بات کو سمجھ لے کہ فلسطین آزاد ہو کر رہے گا، اس موقع پر مظاہرین اور پولیس اہلکاروں کے درمیان کچھ معمولی جھڑپیں بھی ہوئیں۔