سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلی گرام کے بانی پاول دورو فرانس میں گرفتار
Aug ۲۵, ۲۰۲۴ ۰۹:۴۱ Asia/Tehran
پیغام رسانی کے لیے استعمال ہونے والے بین الاقوامی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلی گرام کے بانی اور سی ای او پاول دورو کو فرانس میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: فرانسیسی میڈیا کے مطابق پاول دورو آذربائیجان سے اپنے نجی طیارے کے ذریعے پیرس پہنچے تھے جہاں انہیں حکام نے گرفتار کرلیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انتالیس برس کے پاول دورو روس اور فرانس دونوں ممالک کی شہریت رکھتے ہیں۔ ان پر قانون نافذ کرنے والے حکام سے عدم تعاون، منشیات کی اسمگلنگ، کمسنوں سے مجرمانہ فعل اور دھوکہ دہی میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔
روسی سیاست دانوں، صحافیوں اور روسی سائبر اسپیس کے کارکنوں نے اس گرفتاری پرسخت برہمی ظاہر کرتے ہوئےفرانس پر آمرانہ طریقہ کار اپنانے کا الزام لگایا ہے۔