Sep ۲۳, ۲۰۲۴ ۱۱:۳۴ Asia/Tehran
  • دیسا نائیکے سری لنکا کے نئے صدر منتخب

انورا کمارا دیسا نائیکےسری لنکا کے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔

سحرنیوز/دنیا: موصولہ رپورٹ کے مطابق دو ہزار بائیس کے معاشی دیوالیے کے بعد سری لنکا میں صدارتی انتخابات منعقد ہوئے۔ جس میں پہلی مرتبہ کوئی بھی صدارتی امیدوار مطلوبہ پچاس فیصد ووٹ حاصل نہیں کر سکا تھا۔ سری لنکا کے صدر وکرما سنگھے انتخابی عمل کے پہلے مرحلے میں ہی ہار گئے انھیں صرف سترہ فیصد ووٹ ملے۔ جس کے بعد دوسری گنتی میں کمارا دیسا نائیکے نے ساجیت پریما داسا کو شکست دے دی۔ مارکسسٹ معاشی نظریے کے حامی کمارا دیسا نائیکے نے صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد کہا کہ وہ سری لنکا کی تاریخ دوبارہ لکھیں گے اور ترقی و استحکام کے ہمارے خواب نئی شروعات سے پورے ہوں گے۔
دوسری جانب سری لنکا کے وزیر اعظم دنیش گناواردینا نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔ واضح رہے کہ دو ہزار بائیس میں ہونے والے مظاہروں نے اس وقت کے صدر راجا پکسے کو عہدے سے استعفی دینے اور ملک سے بھاگنے پر مجبور کر دیا تھا۔

ٹیگس