Dec ۲۴, ۲۰۲۴ ۱۳:۳۱ Asia/Tehran
  • جنوبی کوریا: قائم مقام صدر کے مواخذے کا اعلان

جنوبی کوریا میں اپوزیشن نے قائم مقام صدر ہان ڈک سو کے مواخذےکا بھی اعلان کر دیا ہے۔

سحرنیوز/دنیا: غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کے معزول صدر کے خلاف تحقیقات کیلئے بلز پر دستخط سے انکار پر اپوزیشن نے قائم مقام صدر ہان ڈی سو کے مواخذے کا بھی اعلان کر دیا ہے۔

اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹک پارٹی نے دو خصوصی بلز کی منظوری کیلئے کرسمس تک ڈیڈ لائن دی تھی، بلوں میں معزول صدر یون کے مارشل لا اور ان کی اہلیہ پر بدعنوانی کے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے اپوزیشن کا کہنا ہے کہ دو آزاد تحقیقاتی ادارے معزول صدر یون کے مارشل لا اور خاتون اول کے مبینہ رشوت کے معاملات کی چھان بین کریں۔ قائم مقام صدر ہان ڈی سو نے کابینہ اجلاس میں اپوزیشن کا مطالبہ مسترد اور بلز کیلئے اتفاق رائے پر زور دیا۔

اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا ہے لگتا ہے کہ ہان ڈی سو کارروائیوں میں تاخیر کے ذریعے بغاوت جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں، ہم فوری طور پر قائم مقام صدر ہان ڈی سو کے مواخذے کی کارروائی شروع کریں گے۔

یاد رہے کہ جنوبی کوریا میں اپوزیشن نے ملک میں مارشل لاء  لگانے کے سابق صدر کے فیصلے کے خلاف مواخذے کی دو تحریکیں پیش کی تھیں۔ سابق صدر کے خلاف مواخذے کی پہلی تحریک ناکام ہو گئی تھی تاہم اپوزیشن کو صدر یون کے خلاف دوسری تحریک عدم اعتماد میں کامیابی حاصل ہوئی جس کے باعث انہیں عہدہ چھوڑنا پڑا تھا۔

 

ٹیگس