میانمار میں فوج کا روہنگیا مسلمانوں پر حملہ
میانمار کی فوج نے مسلمانوں کےخلاف جرائم کا سلسلہ دوبارہ شروع کرتے ہوئے راخین کے ایک گاؤں کو تباہ کر دیا۔
سحرنیوز/دنیا: رپورٹوں کے مطابق رامری جزیرے کے جنوب میں واقع "چیائوک نی مائ" گاؤں پر میانمار فوج کی بمباری میں کم سے کم اکتالیس جاں بحق اور باون زخمی ہوئے ہیں۔ اس گاؤں میں رہنے والے روہنگیا اور کیمان مسلمان ہیں۔راخین صوبے کے مقامی مسلمانوں نے عینی شاہدوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ گاؤں پر میانمار فوج کی بمباری میں پانچ سے چھے سو لکڑی کے گھر جل گئے اور مدد کی کوشش کرنے والے لوگ، فوج کی جانب سے دوبارہ حملے کے خوف سے متاثرہ علاقے سے دور رہے۔
تقریبا ایک عشرے سے بودھ شدت پسند اور میانمار کی فوج خاص طور پر راخین صوبے میں روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام جاری رکھے ہے جس کا سب سے اہم مقصد اس علاقے میں روہنگیا مسلمانوں کے کھیتوں اور گھروں پر قبضہ اور انہيں وہاں سے بھاگنے پر مجبور کرنا ہے۔