نیپال میں چھے مہینے میں الیکشن ، ہلاک ہونے والوں کو شہید کا درجہ ، مالی مدد کا بھی اعلان
نیپال کی عبوری وزیر اعظم سوشیلا کارکی نے اعلان کیا ہے کہ وہ چھے ماہ میں الیکش کرانے کے بعد ذمہ داری نئی پارلیمنٹ کو سونپ دیں گی۔
سحرنیوز/دنیا:کاٹھمنڈو سے موصولہ رپورٹ کے مطابق نیپال کی عبوری وزیر اعظم محترمہ سوشیلا کارکی نے اتوار کو سنگھ دربار میں اپنا افس سنبھال لیا ہے۔
انھوں نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں کہا ہے کہ ان کی حکومت اقتدار کے مزے لینے کے لئے نہیں آئی ہے بلکہ اپنی ذمہ داری پوری کرکے اقتدار سے ہٹ جائے گی۔
محترمہ سوشیلا کارکی نے کہا کہ وہ اور ان کی ٹیم چھے مہینے سے زیادہ اقتدار میں نہیں رہے گی اور انتخابات کرانے کے بعد اقتدار منتخب حکومت کے حوالے کردے گی۔
انھوں نے اسی کے ساتھ آئندہ پانچ مارچ کو عام انتخابات کرانے کا بھی اعلان کردیا۔محترمہ سوشیلا کارکی نے بحیثیت عبوری وزیر اعظم آفس سنبھالنے کے بعد حالیہ تحریک کے دوران مارے جانے والوں کے لواحقین کے لئے دس دس لاکھ روپے مالی امداد اور زخمی ہونے والوں کے مفت علاج کا اعلان کیا ہے۔
یاد رہے کہ محترمہ سوشیلا کارکی نے جمعے کو عبوری وزیر اعظم کا حلف لیا ہے ۔ انھوں نے پانچ مارچ دو ہزار چھبیس کو ملک میں عام انتخابات کا اعلان کردیا ہے