غزہ کی جانب امیدوں کا سفر، الصمود بیڑا قریب تر
عالمی استقامت و یکجہتی کا بحری بیڑا الصمود جو غزہ کی ناکہ بندی توڑنے کے لیے اپنے راستے پر گامزن ہے، غزہ کی پٹی سے تین سو پچاس سمندری میل کے فاصلے پر ہے۔
سحرنیوز/دنیا: عالمی استقامت و یکجہتی کے اس بحری بیڑے نے اپنی تین کشتیوں میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے عارضی تعطل کے بعد، غزہ کی پٹی کا سفر دوبارہ شروع کر دیا ہے۔
اس درمیان ترکیہ نے ، جونی ایم ، بحری جہاز کے مسافروں کو جو بحیرہ روم میں انجن روم میں پانی جانے کے سبب ڈوبنے کے خطرے سے دوچار تھا، بچا لیا ہے-
یہ بحری بیڑا غزہ کے ساحل سے تقریباً تین سو پچاس سمندری میل کے فاصلے پر ہے، اور فلوٹیلا میں شامل افراد اورنج زون سےگزرنے کی پیش گوئی کر رہے ہیں، جہاں صیہونی بحریہ کی جانب سے آنے والے دنوں میں الصمود فلوٹیلا پر حملہ کرنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
گلوبل الصمود فلوٹیلا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اب کسی خاص تاخیر کی توقع نہیں ہے اور امید ہے کہ یہ بحری بیڑا چار دن کے اندر غزہ پہنچ جائے گا۔
یہ عالمی بحری بیڑا پچاس بحری جہازوں اور کشتیوں پر مشتمل ہے جس میں چالیس ممالک کے پانچ سو سے زائد کارکنان سوار ہیں