مصر کے صوبہ سینا میں انتیس مسلح افراد ہلاک
Sep ۰۸, ۲۰۱۵ ۰۸:۳۰ Asia/Tehran
مصری فوج نے صوبہ سینا میں انتیس مسلح دہشت گردوں کی ہلاکت کی خبر دی ہے-
موصولہ رپورٹ کے مطابق مصر کی فوج نے پیر کو ایک بیان میں کہا ہے کہ شمالی سینا میں العریش، شیخ زوید اور رفح کے علاقوں میں مسلح گروہوں کے ساتھ مقابلے کے لئے بڑے پیمانے پر کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں اور پیر کو انجام پانے والی کارروائیوں میں انتیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں-مصری فوج کے بیان کے مطابق مسلح عناصر کے خلاف فوج کی کارروائیوں میں ان کے خفیہ اڈوں کو نشانہ بنایا گیا اور ان کی کئی گاڑیوں کو تباہ کر دیا گیا ہے-
اتوار کو بھی شمالی سینا میں فوج کے حملوں میں سترہ مسلح افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ پچاس افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا-
سن دو ہزار تیرہ میں مصر کے قانونی صدر محمد مرسی کی برطرفی کے بعد جزیرہ نمائے سینا میں مسلح گروہوں کے حملوں میں تیزی آ گئی اور اس علاقے میں امن قائم کرنے کے سلسلے میں مصری حکومت کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے-