ویٹیکن کی جانب سے ایران کے ایٹمی معاہدے کی حمایت
Sep ۱۶, ۲۰۱۵ ۱۳:۰۰ Asia/Tehran
ویٹیکن نے پوپ فرانسیس اول کے دورہ امریکہ کے موقع پر مشترکہ جامع ایکشن پلان کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
تسنیم خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ویٹیکن کے خارجہ سیکریٹری پال رچرڈ گالاغر نے ایک بیان میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے ایٹمی معاہدے کی حمایت کی ہے۔یہ بیان انہوں نے ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے اجلاس میں پڑھ کر سنایا۔ پال رچرڈ گالاغر نے کہا کہ جس خطے میں پہلے سے بہت سی مشکلات ہیں اس میں ایک اہم مسئلے کے بارے میں اتفاق رائے کا حاصل ہونا بہت اہم قدم ہے اور اس سے دوسرے مسائل کے بارے میں مذاکرات اور باہمی تعاون کا راستہ ہموار ہو گا۔
بشپ پال رچرڈ گالاغر نے کہا کہ ویٹیکن مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کی نگرانی اور شفافیت کے سلسلے میں ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کی شرکت کا بھی خیر مقدم کرتا ہے۔
ویٹیکن نے اس سے پہلے کہا تھا کہ وہ ایران کے ایٹمی معاہدے کو مثبت نگاہ سے دیکھتا ہے لیکن حالیہ بیانات سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ ویٹیکن مشترکہ جامع ایکشن پلان کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ آئندہ ہفتے پوپ فرانسیس اول امریکہ کے ایوان نمائندگان اور سینیٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے والے ہیں۔