ریاض میں او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں ایرانی نمائندے کا خطاب
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں ایرانی وزارت خارجہ کے معاون برائے قانونی و بین الاقوامی امور غریب آبادی نے کہا کہ فلسطینیوں کو اپنے دفاع کے لئے کسی سے اجازت لینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں فلسطین اور لبنان پر صہیونی حکومت کی جارحیت کے بارے میں اتوار کو ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی وزارت خارجہ کے معاون برائے قانونی اور بین الاقوامی امور کاظم غریب آبادی نے کہا کہ غزہ اور لبنان میں صہیونی جارحیت بے انصافی اور بے شرمی کی انتہا ہے۔
انہوں نے صہیونی جارحیت کو امریکہ اور مغربی ممالک کی مکمل حمایت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی حکومت نے خطے میں نسل کشی، جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی پامالی کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صہیونی مظالم کے خلاف قیام اور اپنا دفاع فلسطینی عوام کا جائز حق ہے جس کے لئے کسی کی اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔
غریب آبادی نے صہیونی حکومت کے حامی ممالک اور اداروں سے مطالبہ کیا کہ تل ابیب کو ہتھیار فراہم کرنے کا سلسلہ ترک کیا جائے اور اقتصادی اور تجارتی پابندی عائد کی جائے۔