یوکرین مغربی اسلحہ سے دونتسک کو ویران کر رہا ہے: روس
اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندے نے سیکیورٹی کونسل کے اجلاس میں یوکرین کے حوالے سے کہا کہ کی ایف حکام مغربی اسلحہ سے دونتسک کو ملیا میٹ کرنا چاہتے ہیں۔
سحرنیوز/دنیا: اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندے ویسلے نبنزیا نے سیکورٹی کونسل میں یوکرین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے میں دونتسک میں مغربی اسلحہ سے یوکرین نے واقعا قتل عام کیا ہے اور یوکرینی قاتل واقعا اس شہر کو ملیا میٹ کرنا چاہتے ہیں۔
روسی مستقل مندوب نے مزید کہا کہ جو ممالک بھی کی ایف کو اسلحہ فراہم کرکے یوکرینی فوج کی مدد کررہے ہیں ، انہیں قانونی نتائج کو بھگتنا پڑے گا۔ روسی مندوب نے مزید کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے تمام مجرمانہ اقدامات کا ریکارڈ رکھا جا رہا ہے۔
اقوام متحدہ میں روسی مندوب نے مغربی ممالک کی طرف سے اسلحہ فراہمی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہتھیار لے جانے والے کاروانوں کا پتہ چلا کر انہیں تباہ کر رہے ہیں جس سے مغربی ہتھیاروں کے ذخیرے میں کمی ہوگئی ہے جب کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے تیسرے ممالک سے ہتھیار یوکرین کو فراہم کرنے کی کوششیں کی ہیں اور وہ ان سے ہتھیار خرید کر یوکرین کو بھیج رہے ہیں اور یوکرینی وزیر خارجہ نے حال ہی میں اس حقیقت کا اعتراف بھی کیا ہے۔