Sep ۰۸, ۲۰۱۵ ۱۶:۳۶ Asia/Tehran
  • رہبرانقلاب اسلامی سے سائبر اسپیس کونسل کے اراکین کی ملاقات
    رہبرانقلاب اسلامی سے سائبر اسپیس کونسل کے اراکین کی ملاقات

سائبر اسپیس میں فعال سرگرمیاں انجام دینے اور موثر واقع ہونے کے لئے ضروری ہے کہ فیصلہ سازی پر بھرپور توجہ، وقت ضائع کئے بغیر فیصلوں پر عملدرآمد، مختلف محکموں کے درمیان ہم آہنگی اور متوازی و متضاد اقدامات سے اجتناب کیا جائے۔

حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے پیر کی صبح صدرمملکت اور سائبر اسپیس کونسل کے اراکین سے ملاقات میں اس کونسل کو سائبر اسپیس میں آگاہانہ، مقتدرانہ اور ذمہ دارانہ سیاست کا اصلی مرکز قرار دیتے ہوئے اور سائبر اسپیس کے عظیم اور بے نظیر مجموعے میں روز بروز توسیع کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ ہمیں چاہئے جوانوں کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادے، صحیح پالیسیاں وضع کرنے اور وقت ضائع کئے بغیر، سنجیدہ اورمربوط اقدامات انجام دے کرسائبراسپیس کے میدان میں جمود کی حالت سے نکلیں اوربھرپوروموثرموجودگی نیزمضبوط اورپرکشش اسلامی مواد کی تیاری کی جانب گامزن ہوں۔

آپ نے ثقافت، سیاست، اقتصاد، زندگی گذارنے کی روش، دینی اعتقادات اوراخلاقیات سمیت مختلف میدانوں میں نرم قدرت کے طور پرسائبر اسپیس کے اثرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اورسائبراسپیس میں معاشرے کی اخلاقی اورفکری حدود کے تحفظ کے مقصد سے مناسب اور دقیق منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ سائبر اسپیس میں فعال سرگرمیاں انجام دینے اورموثر واقع ہونے کے لئے ضروری ہے کہ فیصلہ سازی پر بھرپور توجہ، وقت ضائع کئے بغیر فیصلوں پر عملدرآمد، مختلف محکموں کے درمیان ہم آہنگی اور متوازی و متضاد اقدامات سے اجتناب کیا جائے۔

رہبرانقلاب اسلامی نے ایرانی حکومت خاص طور پرسائنس و ٹیکنالوجی کے امورمیں صدرمملکت کے معاون خصوصی کی جانب سے کمیونیکشن ٹیکنالوجی کی صنعت میں پیشرفت اورتوسیع کی حمایت کئے جانے پرتاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ نالج بیسڈ کمپنیوں کی مدد سے ان صنعتوں کی توسیع اورمنصوبہ بندی کے ذریعے روزگار کے مواقع فراہم کرنے اورملک کی اقتصادی صورتحال میں بہتری لانے کے لئے موثراقدامات کئے جاسکتے ہیں۔

حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے صدر مملکت اورسائبراسپیس کونسل کے سابقہ اراکین اورموجودہ اورسابقہ سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا۔

رہبرانقلاب اسلامی کی گفتگو سے پہلے صدرمملکت حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹرحسن روحانی اورسائبراسپیس کونسل کے سیکرٹری جنرل انجینیئر انتظاری نے سائبر اسپیس کی اہمیت اور اس کونسل اورسائبر اسپیس سینٹر کے پروگرام اور اقدامات سے متعلق رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے چیف جسٹس آیت اللہ باقر لاریجانی نے سائبر اسپیس کے لئے ضروری اور اہم نکات بیان کئے۔

ٹیگس