Apr ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۵:۴۷ Asia/Tehran
  • ایران، جنوبی کوریا کو تیل برآمد کرنے والا دوسرا سب سے بڑا ملک

جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ دو ہزار سترہ کی پہلی سہ ماہی میں ایران اسے تیل برآمد کرنے والا دوسرا سب سے بڑا ملک بن گیا۔

 جنوبی کوریا نے اعلان کیا ہے کہ مارچ کے مہینے میں اس نے ایران سے گذشتہ سال اسی مہینے کے مقابلے میں دو گنا تیل درآمد کیا ہے-

اس رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا ایران سے ہر مہینے ایک کروڑ، پچاسی لاکھ، چالیس ہزار، بیرل تیل درآمد کر رہا ہے-

جنوبی کوریا کے مطابق سیئول ہر روز پانچ لاکھ ،ستانوے ہزار، نو سو، پینتیس بیرل کے حساب سے تہران سے تیل خرید رہا ہے- جنوبی کوریا کے کسٹم ادارے کا کنہا ہے کہ جنوری سے مارچ کے مہینے تک ایران نے اسے چار کروڑ، سڑسٹھ لاکھ، تیس ہزار بیرل تیل برآمد کیا ہے-

اس طرح وہ اسے تیل برآمد کرنے والا دوسرا سب سے بڑا ملک بن گیا-