Apr ۲۵, ۲۰۲۴ ۱۷:۳۵ Asia/Tehran
  • حزب اللہ کا خوف، لبنان کی فضاؤں سے اسرائیلی ڈرون ندارد

رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ جنوبی لبنان کے آسمان سے اسرائیلی ڈرون پوری طرح سے غائب ہو گئے ہیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: اسرائیلی فوج کے ڈرون کو تباہ کرنے میں حزب اللہ لبنان کی کامیاب دفاعی کارروائیاں، صیہونی حکومت کے کمانڈروں کو ڈرون کارروائیوں کو روکنے کا سبب بنی ہیں۔

لبنانی ذرائع کا کہنا ہے کہ 4 دن پہلے ہرمیس-450 ڈرون کی تباہی کے بعد سے جنوبی لبنان کے آسمان پر کوئی بھی اسرائیلی ڈرون نہیں دیکھا گیا۔

حزب اللہ لبنان نے سنیچر کی شام اعلان کیا تھا کہ ملک کے جنوبی دیہی علاقوں پر مسلسل بمباری اور لبنانی شہریوں کی شہادت کے جواب میں، اس نے جنوبی لبنان کے علاقے العیشیہ کے آسمان پر پرواز کرنے والا غاصب فوج کا ایک ڈرون مار گرایا ہے۔

صیہونی اخبار یدیعوت آحارنوت کی ویب سائٹ نے جنوبی لبنان کے آسمان پر صیہونی حکومت کے پانچویں جدید ترین ڈرون کی تباہی کا اعتراف کرتے ہوئے لکھا کہ ہمیں ایک اہم مسئلہ درپیش ہے، لبنان کی فضائی حدود میں فضائی برتری کا ہاتھ سے نکلنا،  ہماری خفیہ اطلاعات جمع کرنے کی صلاحیتوں پر کاری ضرب لگائے گا۔

ہرمیس ڈرون اسرائیل کی ایلبٹ سسٹمز کمپنی کی طرف سے کئی مختلف نسلوں اور مختلف سائز میں تیار کیے گئے ہیں جن کے تازہ ترین نمونے ہرمیس-450 اور ہرمیس-900 ڈرون ہیں جنہیں کچھ لوگ غاصب فوج کی ڈرون فورس کی ریڑھ کی ہڈی کے طور پر بیان کرتے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی حکومت کے چینل 12 نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ صیہونی حکومت کی فوج کے جائزے کے مطابق لبنان کے جنوب سے مقبوضہ فلسطین کے شمال کی جانب 4000 راکٹ فائر کیے گئے۔

اس چینل نے حزب اللہ لبنان کے ڈرون اور توپ خانے کے حملوں کی طرف اشارہ نہیں کیا۔

ٹیگس