Dec ۱۰, ۲۰۱۹ ۱۹:۱۱ Asia/Tehran
  • ایران اور ہندوستان کے تاجروں کی کانفرنس

ایران اور ہندوستان کے تجارتی تعاون کی کانفرنس ہندوستان کے شہر کولکتہ میں منعقد ہوئی جس کا اہتمام دہلی میں ایران کے سفارتخانے اور ہندوستان کے یوکو بینک نے کیا تھا۔

نئی دہلی سے ہمارے نمائندے نے خبردی ہے کہ اس کانفرنس میں جس میں ایک سو سے زیادہ ہندوستانی تاجروں اور کمپنیوں کے مالکان نے شرکت کی ایران اور ہندوستان کے مابین تجارتی تعلقات میں توسیع کی راہوں کا جائزہ لیا گیا-

ہندوستان میں ایران کے سفیر علی چگینی نے بھی اس کانفرنس میں خطاب کے دوران ایران اور ہندوستان کے مختلف شعبوں میں پائی جانے والی بے شمار اقتصادی توانائیوں کا ذکرکرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات کی توسیع پر زور دیا-

اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے ہندوستان کے ساتھ دوطرفہ بینکنگ سسٹم کی موجودگی اور نان پیٹرولیم شعبوں میں تجارتی تعلقات کی توسیع کو باہمی اقتصادی روابط کی سطح کو مزید اوپر لے جانے کا بہترین موقع قراردیا اور کہا کہ امریکا کی ظالمانہ اور یکطرفہ پابندیوں کو ایران اور ہندوستان کے تعلقات پر اثرانداز نہیں ہونا چاہئے-

ایرانی سفیر نے ہندوستان کے یوکو بینک کے ڈائریکٹروں سے ملاقات میں بھی دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اور بینکنگ تعلقات کو پہلے سے زیادہ مضبوط بنانے پر زور دیا۔

ٹیگس