Jun ۱۳, ۲۰۲۰ ۲۰:۰۷ Asia/Tehran
  • افغانستان کے لئے گندم لانے والا ہندوستانی جہاز چابہار پر لنگر انداز

افغانستان کے لیے گندم لانے والا چوتھا ہندوستانی بحری جہاز ایرانی بندرگاہ چابہار پر لنگرانداز ہوگیا ہے۔

صوبہ سیستان و بلوچستان کے ڈپٹی ڈائریکٹر پورٹ اینڈ شپنگ حسین شہدادی نے بتایا ہے کہ گندم سے لدے ایک سو چالیس کنٹینر چابہار کی بندرگاہ پر اتارے جا چکے ہیں جنہیں زمینی راستے سے جلد ہی افغانستان روانہ کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے چند ماہ کے دوران تین ہندوستانی جہاز افغانستان کے لیے گندم لے کر چابہار کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے لیے لایا جانے والا گندم میلک کی سرحد کے ذریعے افغانستان پہنچایا جا چکا ہے۔

ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان میں واقع چابہار بندرگاہ کھلے سمندر کی واحد ایرانی بندرگاہ ہے جو بحیرہ مکران اور بحرِ ھند کے ساحل پر واقع ہے۔ چابہار بندرگاہ اپنی اسٹریٹیجک پوزیشن اور خشکی میں گھرے افغانستان، ترکمنستان، ازبکستان، تاجیکستان، قرقیزستان اور قزاقستان جیسے ملکوں کے لئے آزاد سمندری راستوں تک آسان رسائی کے پیش نظر خاص اہمیت کی حامل ہے۔

ٹیگس