Sep ۰۵, ۲۰۱۷ ۱۲:۳۷ Asia/Tehran
  • کشمیر میں ہلاکتوں کے خلاف احتجاج اور ہڑتال

کل شمالی کشمیر کے سوپور میں مسلح تصادم میں حزب المجاہدین کے ڈویژنل کمانڈر سمیت 2 عسکریت پسند ہلاک ہو گئے تھے جس کے بعد وادی میں حالات کشیدہ ہوگئے۔

ہندوستان کے زیرانتظام شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے ایپل ٹاون سوپور میں عسکریت پسندوں کی ہلاکت کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے اور تمام کاروباری مراکز اور دکانیں بند ہوگئیں۔ جبکہ حکومت نے احتجاجی مظاہروں کے خدشے کے پیش نظر ضلع بھر کے تمام تعلیمی اداروں  کو بند کر کے موبائیل انٹرنیٹ سروس منقطع کر دی۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سوپور میں ہندوستانی فوج نے آپریشن کے دوران محاصرہ کرکے دو نوجوانوں کو ہلاک کردیا۔ اس دوران ایک گھر کو بھی دھماکے سے تباہ کردیا گیا۔ نوجوانوں کی شناخت نعیم احمد اور عاشق حسین کے نام سے ہوئی۔

دوسری جانب اننت ناگ کے علاقے میں ہندوستان کے فوجی قافلے پر دستی بم کے حملے میں 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔ حملے کے بعد فوج نے علاقے کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی شروع کردی۔

 

ٹیگس