Jan ۲۲, ۲۰۱۸ ۱۷:۱۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان اور پاکستان سے محبوبہ مفتی کی اپیل

ہندوستان کے زیرانتظام ریاست جموں و کشمیر کی وزیراعلی محبوبہ مفتی نے ہندوستان اور پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کریں۔

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کی وزیراعلی محبوبہ مفتی نے ایک بیان میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کو مسئلے کا بہترین حل قرار دیا اور کہا کہ طاقت کے استعمال سے علاقے میں بدامنی بڑھے گی۔

محبوبہ مفتی نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جب بھی کشیدگی بڑھتی ہے تو صرف ان دونوں ملکوں کے عوام کو ہی نقصان اٹھانا پڑتا ہے اور سرحدوں اور کنٹرول لائن پر ہونے والی گولہ باری کی زد میں آنے والے عوام ہی پریشان رہتے ہیں۔

ہندوستان کے زیرانتظام جموں و کشمیر کی وزیراعلی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل، ہندوستان اور پاکستان دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے اور یہ حل علاقے میں قیام امن پر منتج ہو گا۔

واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان کی جانب سے ہمیشہ ایک دوسرے پر کشمیر کی کنٹرول لائن پر فائر بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا جاتا رہا ہے۔