Mar ۰۹, ۲۰۱۸ ۰۹:۳۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں تین طلاق بل کے خلاف احتجاج

ہندوستان میں حکومت کے تین طلاق بل کے خلاف احتجاج کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور اس حوالے سے کل بھی مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔

احمد آباد کے جوہاپورا علاقے میں انہد نامی این جی او کی جانب سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں مرکزی حکومت کے تین طلاق کے بل کی مخالفت کی گئی ۔ احمد آباد کے جوہاپورا علاقے میں ہونے والے پروگرام میں بڑی تعداد میں مسلم خواتین نے شرکت کی ۔ جس کے بعد ایک ریلی جوہاپورا سے وشالا سرکل تک نکالی گئی۔ ریلی میں مسلم عورتوں نے ہاتھ میں بینر اور پوسٹر لے کر حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

اس سلسلہ میں انہد این جی او کے گجرات انچارج دیو دیسائی نے کہا کہ مرکزی حکومت تین طلاق بل لاکر مسلم خواتین کی ہمدرد ہونے کا دعوی کر رہی ہے جبکہ مسلم خواتین کے دیگر کئی مسائل ہیں جس کی طرف حکومت کو توجہ دینا چاہئے ۔

دوسری جانب انڈین یونین مسلم لیگ کی خواتین ونگ کی قومی صدر تشریف جہاں کی قیادت میں پارٹی کی خواتین اراکین نے پارلیمنٹ اسٹریٹ سے پارلمیٹ تک مارچ کیا اور مسلم طلاق بل کے خلاف صدائے احتجاج بلند کیا۔

مظاہرے میں شامل مسلم لیگ کی خواتین اراکین نے مسلم طلاق بل پر مزید بحث کا مطالبہ کیا اور کہا کہ حکومت مسلم خواتین کے اصل تحفظ کو یقینی بنائے ۔اس موقع پر تشریف جہاں نے کہا کہ مسلم لیگ تین طلاق بل کے تعلق سے شروع سے ہی احتجاج کرتی آرہی ہے ۔ اس بل کی لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں مخالفت کی گئی تھی۔

ٹیگس