Jul ۲۰, ۲۰۱۸ ۱۵:۱۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی حکومت کے خلاف تحریک اعتماد پر بحث

ہندوستانی پارلیمنٹ میں وزیر ا‏عظم نریندر مودی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر بحث جاری ہے

ہندوستانی پارلیمنٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف تحریک عدم اعتماد تلگو دیشم پارٹی نے پیش کی تھی جس کی کانگرس اور حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں نے حمایت کا اعلان کیا تھا۔ جمعے کی صبح ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف تحریک عدم اعتماد تلگو دیشم پارٹی کے ایم پی سری نواس نے پیش کی جس کے بعد تلگو دیشم پارٹی کے ایک دوسرے رکن پارلیمنٹ جے دیو گلا نے بحث کا آغاز کیا ۔ انھوں نے اپنی تقریر میں وزیر اعظم نریندر مودی پر ، بدعنوان لوگوں کو آگے بڑھانے، ریاست آندھرا پردیش کے سا تھ نا انصافی کا الزام لگایا ۔نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق کانگرس پارٹی کے صدر راہل گاندھی نے اپنی تقریر میں مرکزی حکومت پر دفاعی سودے میں بدعنوانی ، کسانوں کے قرضے معاف نہ کرنے اور پیٹرولیئم مصنوعات کی قیمتیں بڑھاکے صنعتکاروں کو فائدہ پہنچانے کا الزام لگا یا ۔ انھوں نے نریندرمودی پر شدید تنقیدکرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم  نے صنعتکاروں کے ڈھائی لاکھ کروڑ کے قرضے معاف کردیئے لیکن ملک کے محنت کش کسانوں کے قرضے معاف کرنے سے مختلف بہانوں سے کتراتے رہےہیں۔ رپورٹ کے مطابق راہل گاندھی کی تقریر کے موقع پر بی جے پی اراکین کے ہنگامے کے باعث اسپیکر سمترا مہاجن نے کارروائی دس منٹ کے لئے ملتوی کردی ۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بیجو جنتادل نے اپوزیشن جماعتوں کو دیئے جانے والے وقت کو ناکافی بتایا اور احتجاجا ایوان سے واک آؤٹ کیا -