Jan ۰۶, ۲۰۱۹ ۱۵:۲۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے وزیر اعظم پر راہل گاندھی کا ایک بار پھر الزام

ہندوستان کی حزب اختلاف کی جماعت کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے رافیل طیارہ سودے میں ہندوستان ایرونوٹکس لیمیٹیڈ کو شامل نہ کرنے پر وزیراعظم نریندرمودی پر اتوار کو پھر سے طنز کرتے ہوئے الزام لگایا کہ انہیں ملک کے بھلے برے کی کوئی فکر نہیں ہے۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق راہل گاندھی نے فیس بک پر وزیراعظم کا نام لئے بغیر لکھا ہے کہ ایچ اے ایل کے پاس تنخواہ تک دینے کے پیسے نہیں ہیں، اس سے کسی کو بھی حیرت نہیں ہونی چاہئے۔

کانگریس کے صدر نے الزام لگایا کہ ملک کے چوکیدار بس اپنی دوستی نبھا رہے ہیں جبکہ ملک کے بھلے برے سے انھیں کوئی مطلب نہیں رہا ہے۔

اس دوران کانگریس کے میڈیا انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے ٹویٹ کر کے کہا ہے کہ رافیل طیارہ سودے کے بارے میں وزیردفاع نرملا سیتا رمن کا جھوٹ سامنے آگیا ہے۔ انہوں نے دعوی کیا ہے کہ ایچ اے ایل کو ایک لاکھ کروڑ روپے کے ٹھیکے دیئے گئے ہیں۔

مسٹر سرجے والا نے ٹویٹ کیا کہ ایچ اے ایل کا کہنا ہے کہ ایک بھی پیسہ نہیں آیا ہے۔ ایک بھی پیسے کے کانٹرکٹ پر دستخط نہیں کئے گئے ہیں۔

کانگریس لیڈر نے کہا کہ ایچ اے ایل کو پہلی بار تنخواہ دینے کے لئے ایک ہزار کروڑ روپے کا قرض لینا پڑا ہے۔

ٹیگس