Jan ۱۲, ۲۰۱۹ ۱۷:۲۰ Asia/Tehran
  • ایران سے تیل کی درآمدات جاری رکھنے پر ہندوستان کی تاکید

ہندوستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایران سے تیل کی درآمدات جاری رکھے گا۔

روش کمار نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کے باوجود توانائی سے متعلق اپنی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ہندوستان، ایران سے تیل درآمد کرتا رہے گا۔
ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا یہ بیان ایران کے خلاف پابندیوں کو مزید سخت کرنے کے بارے میں امریکہ کی دھمکی کے دو روز بعد سامنے آیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ایٹمی معاہدے سے امریکہ کے باہر نکلنے اور ایران کے خلاف پابندیوں کی بحالی کا اعلان کرتے ہوئے دھمکی دی تھی کہ جو ملک بھی ایران سے تیل خریدے گا اس کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
مگر دنیا کے مختلف ملکوں منجملہ روس، ہندوستان، چین اور ترکی کی جانب سے امریکی پابندیوں پر عمل نہ کئے جانے پر ٹرمپ نے مجبور ہو کر اپنی پسپائی کا اعلان کیا اور ہندوستان، چین، اٹلی، یونان، جاپان، جنوبی کوریا، تائیوان اور ترکی کو ایران سے تیل کی خریداری جاری رکھنے کے حوالے سے چھوٹ دے دی۔